بدھ 3 جون 2026 - 17:20
ولایت کا اعلان انسان کی فلاح اور نجات کا ضامن ہے / یوم غدیر تاریخ اسلام میں بے پناہ اہمیت رکھتا ہے

حوزہ / علامہ ساجد نقوی نے کہا: روز غدیر تاریخ اسلام میں بے پناہ اہمیت کا حامل ہے۔ ختم نبوت کی بیّن دلیل، سلسلہ نبوت و رسالت کے بعد ولایت و امامت کے آغاز کا دن ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے 18 ذی الحجہ، روز غدیر کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں کہا: یوم غدیر تاریخ اسلام میں بے پناہ اہمیت رکھتا ہے۔ امیر المومنین حضرت علی ابن ابی طالب علیہما السلام کی ولایت و امامت کا اعلان سلسلہ نبوت و رسالت کے خاتمے اور ولایت و امامت کے آغاز کی واضح نشاندہی ہے اور ایک سسٹم و نظام کا اعلان ہے۔

انہوں نے مزید کہا: اس روز عالم انسانیت کو اس جانب متوجہ کرنا مقصود تھا کہ وہ اسلام کی حفاظت، تشریح، ترویج اور نفاذ کا مرجع و مرکز علی ابن ابی طالب علیہما السلام کو تسلیم کریں، ان کی اطاعت کریں اور تطہیر نظام و معاشرہ کیلئے ان کے بھرپور عملی اقدامات میں ان کا ساتھ دیں۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا: یہ دن اس دین کی تکمیل کا دن ہے جسے خدا کے نزدیک پسندیدہ ترین دین قرار دیا گیا اور جس کی ترویج و اشاعت کے لئے رحمت للعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جیسی ہستی نے تکالیف اور مصائب برداشت کئے۔

انہوں نے کہا: حج بیت اللہ کے بعد غدیر جیسے تاریخی میدان میں اس کی تکمیل کا زبان وحی سے اعلان کے بعد ولایت کا اعلان غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے اور عالم انسانیت کو اس جانب متوجہ کرتا ہے کہ ولایت کا اعلان انسان کی فلاح اور نجات کا ضامن ہے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا: یوم غدیر کی بابرکت ساعتوں میں ہمیں اس عہد کی تجدید کرنا ہو گی کہ حضرت علی ابن ابی طالب علیہما السلام کی سیرت و کردار کو نمونہ عمل بناتے ہوئے اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگیوں کو اس کے مطابق ڈھالیں گے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha